بھٹکل 23 جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور میں چوری کی ایک واردات پیش آئی ہے جس میں چوروں نے گھر کے مین دروازے کے تالے کو توڑتے ہوئے گھر کے اندر داخل ہوئے ہیں اور سونے کے زیورات سمیت نقد رقم لے کر فرار ہوگئے ہیں۔
جناب باشہ کولا صاحب کی ملکیت والے اس گھر کے سبھی افراد رات کو منکی میں منعقدہ شادی کی تقریب میں گئے تھے، صبح سات بجے جب گھر کے افراد واپس آئے تو دیکھا کہ گھر کے دروازے کو تالے سمیت کنڈی کو بھی اُکھاڑ دیا گیا ہے۔ اندر داخل ہوئے تو الماریوں کو توڑ کر سامان بکھرا پڑا تھا۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں دی گئی شکایت کے مطابق 25 ہزار روپئے نقد اور قریب 30 گرام سونے کے زیورات چوری ہوئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پر پہنچی، ڈاگ اسکواڈ اور فنگر فرنٹ کے ماہرین کے ذریعے جانچ کی گئی ہے، ساتھ ساتھ گھر پر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں سمیت اطراف کے گھروں میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی کھنگالا گیا ہے۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔